Wed, September 16, 2026

’دشمن بھی خاندانی ہونا چاہیے‘، ثاقب چدھڑ کا اروبا مرزا کے الزامات پر ردعمل

’دشمن بھی خاندانی ہونا چاہیے‘، ثاقب چدھڑ کا اروبا مرزا کے الزامات پر ردعمل

لاہور: پنجاب اسمبلی کے رکن ثاقب چدھڑ نے اداکارہ اروبا مرزا کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے مبینہ پرانے پیغامات کے سکرین شاٹس پر ردعمل دیتے ہوئے تمام الزامات کو مسترد کر دیا۔

حال ہی میں اروبا مرزا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کچھ سکرین شاٹس شیئر کیے تھے جنہیں انہوں نے ثاقب چدھڑ سے منسوب کیا۔ اس کے بعد ثاقب چدھڑ نے انسٹاگرام سٹوری کے ذریعے اپنا مؤقف سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ مذکورہ پیغامات ان کے آفیشل اکاؤنٹ سے نہیں بھیجے گئے، بلکہ کسی جعلی اکاؤنٹ کو ان کے نام سے استعمال کیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنا اصل انسٹاگرام اکاؤنٹ خود چلاتے ہیں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے پیغامات کا ان سے کوئی تعلق نہیں۔

ثاقب چدھڑ نے مزید کہا کہ اروبا مرزا کبھی بھی ان کی ذاتی زندگی میں اہم حیثیت نہیں رکھتی تھیں، اس لیے دونوں کے درمیان کسی خاص تعلق کا تاثر دینا حقائق کے منافی ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں طنزیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ اختلاف اور دشمنی اپنی جگہ، تاہم دشمن بھی ایسا ہونا چاہیے جو خاندانی اقدار کا حامل ہو۔

اداکارہ کی جانب سے شیئر کیے گئے مبینہ سکرین شاٹس اور ثاقب چدھڑ کی وضاحت کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے، جہاں مختلف صارفین اپنی آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس معاملے میں دونوں فریقین کے بیانات سامنے آئے ہیں، تاہم ان دعوؤں کی کسی آزاد ذریعے سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

ٹیگز: