لاہور:معروف اداکارہ مومنہ اقبال اور ایم پی اے ثاقب چدھڑ کیس نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے اداکارہ کی مدعیت میں صوبائی اسمبلی کے رکن کے خلاف باقاعدہ ہائی پروفائل مقدمہ درج کر لیا ہے۔
کیس کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے مقدمے میں پیکا ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں، جو سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل ذرائع سے ہراساں کرنے یا ڈیٹا شیئرنگ کے جرائم سے متعلق ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی سی آئی اے نے مقدمے کے اندراج سے قبل ہی حکمتِ عملی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے موبائل فونز قبضے میں لے لیے تھے۔ ان فونز کا فرانزک آڈٹ کروایا جا رہا ہے تاکہ مبینہ شواہد اور ریکارڈ کو محفوظ بنا کر تفتیش کا حصہ بنایا جا سکے۔
قانونی ماہرین کے مطابق پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہونے اور موبائل فونز ضبطگی کے بعد آنے والے چند دن اس کیس میں انتہائی اہم ہوں گے، جس کے اثرات پنجاب کی سیاسی اور شوبز انڈسٹری دونوں پر پڑ رہے ہیں۔