Wed, September 16, 2026

واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کے لیے کال ریمائنڈر کا نیا آپشن

واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کے لیے کال ریمائنڈر کا نیا آپشن

کیلیفورنیا : دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایک اور جدید سہولت پیش کر دی ہے۔ اس نئے فیچر کے ذریعے اب صارفین چھوٹ جانے والی کالز (Missed Calls) پر ریمائنڈر لگا سکیں گے، تاکہ بعد میں بروقت رابطہ کیا جا سکے۔

یہ فیچر واٹس ایپ کے بیٹا ورژن استعمال کرنے والے چند اینڈرائیڈ صارفین کو مہیا کر دیا گیا ہے۔ اب جس چیٹ ونڈو میں کال ہوئی ہو، وہاں مس کال کے ساتھ ایک نیا آپشن نظر آئے گا جس سے ریمائنڈر سیٹ کیا جا سکتا ہے۔

علاوہ ازیں، کالز کے سیکشن میں جا کر بھی کسی بھی مس کال پر یاددہانی مقرر کی جا سکتی ہے۔ واٹس ایپ صارفین کو مختلف وقتوں کے انتخاب کا موقع دیتا ہے جیسے 2 گھنٹے، 8 گھنٹے یا اگلے دن۔ اس کے علاوہ اپنی سہولت سے مخصوص تاریخ اور وقت کا بھی تعین ممکن ہے۔

مقررہ وقت پر واٹس ایپ ایک نجی نوٹیفکیشن بھیجتا ہے، جو صارف کو یاد دلاتا ہے کہ کس کال کا جواب دینا باقی ہے۔ یہ تمام ریمائنڈرز صرف صارف کے موبائل فون پر محفوظ ہوتے ہیں اور ان کی پرائیویسی کا مکمل خیال رکھا جاتا ہے۔

کیمرہ میں نائٹ موڈ بھی شامل
واٹس ایپ نے کیمرہ یوزرز کے لیے ’نائٹ موڈ‘ کا نیا فنکشن بھی شامل کیا ہے، جو کم روشنی والے ماحول میں بہتر اور زیادہ صاف تصاویر لینے میں مدد دیتا ہے۔ اس فیچر میں فلیش یا فلٹرز کی ضرورت نہیں ہوتی، اور تصویر قدرتی طور پر روشن ہوتی ہے۔

فی الوقت یہ سہولت صرف مخصوص بیٹا یوزرز کے لیے دستیاب ہے، تاہم جلد ہی تمام صارفین کے لیے یہ اپڈیٹس جاری کر دی جائیں گی۔

ٹیگز: