اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے 9 مئی کے مقدمات سے متعلق عدالتی فیصلوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی 2023ء پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن تھا، جس کے دوران ریاستی اداروں اور قومی علامتوں پر حملے کیے گئے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ان واقعات کے ناقابل تردید شواہد موجود تھے اور مقدمات میں مکمل طور پر شفاف ٹرائل (فیئر ٹرائل) کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مقدمات طویل عرصے تک عدالتوں میں زیر سماعت رہے، تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت ملک میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ انصاف کے عمل کو بغیر کسی دباؤ یا مداخلت کے مکمل ہونے دیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جن عناصر نے ریاستی اداروں پر حملے کیے، انہیں ان کے انجام تک پہنچانا ناگزیر تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالتوں کے فیصلوں سے واضح ہوتا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، اور ریاست مخالف کارروائیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔