لاہور : وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کو خطے کا مثالی ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمت اور شفافیت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ اتھارٹی زرعی اجناس، خوراک اور ادویات کے معیار کی جانچ کے لیے خطے میں ایک "سینٹر آف ایکسی لنس" کے طور پر کام کرے گی۔ شہباز شریف نے واضح کیا کہ عوام کو خالص خوراک اور معیاری ادویات کی فراہمی کے لیے اس ادارے کا قیام ایک انقلابی قدم ہے۔
انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ جس طرح جرائم کی بیخ کنی کے لیے فرانزک لیب کا جال بچھایا گیا، اسی طرح یہ اتھارٹی بھی سائنسی بنیادوں پر حقائق سامنے لائے گی۔
وزیراعظم نے پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور جدید ادارے کے فعال اجراء پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو خصوصی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے اور اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے قابلِ تحسین کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ منصوبہ صوبے کے عوام کی صحت اور تحفظ کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا اور اس سے بین الاقوامی معیار کی جانچ پڑتال ممکن ہو سکے گی۔