اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے یکم سے 3 ستمبر کے دوران پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، مری، راولپنڈی، جہلم، اٹک، گجرات، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں شدید بارشیں شہری زندگی کو متاثر کر سکتی ہیں۔ اسی طرح لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد، سرگودھا، بھکر، لیہ اور میانوالی میں بھی بارشوں کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا امکان ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی بارشیں اور دریاؤں میں طغیانی خطرہ بڑھا سکتی ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث مرالہ ہیڈ ورکس پر پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے قریبی دیہات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ ندی نالوں کے قریب رہنے والے لوگ احتیاطی تدابیر اپنائیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ممکنہ خطرناک مقامات سے دور رہیں۔ ادارے نے ضلعی انتظامیہ کو بھی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔