Wed, September 16, 2026

این ڈی ایم اے کی وارننگ: 20 سے 23 جون تک بارشوں اور تیز ہواؤں کا امکان

این ڈی ایم اے کی وارننگ: 20 سے 23 جون تک بارشوں اور تیز ہواؤں کا امکان

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک میں 20 جون سے 23 جون کے دوران ممکنہ بارشوں، آندھی اور تیز ہواؤں کے حوالے سے پیشگی اطلاع جاری کر دی ہے۔

ادارے کے مطابق، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی گرج چمک، طوفانی ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آندھی کے دوران درخت، کمزور دیواریں، بجلی کے کھمبے اور سائن بورڈز گرنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران ایسی جگہوں سے فاصلہ رکھیں۔

عوام کو یہ مشورہ بھی دیا گیا ہے کہ اپنی گاڑیوں کو محفوظ جگہوں پر کھڑا کریں، کیونکہ آندھی اور بارش کے دوران حدِ نگاہ کم ہونے سے ٹریفک حادثات پیش آ سکتے ہیں۔ ایسے حالات میں سفر کرتے وقت خاص احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں اور محفوظ طرزِ عمل اختیار کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

ٹیگز: