Wed, September 16, 2026

خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں مزید بارشوں کی وارننگ، این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری جاری

خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں مزید بارشوں کی وارننگ، این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری جاری

اسلام آباد :اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 18 سے 22 اگست کے دوران خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ خاص طور پر خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں شدید بارشوں کے باعث صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، ہزارہ، پشاور، صوابی، سوات اور وزیرستان میں تیز بارشوں کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے استور، اسکردو، ہنزہ، شگر، باغ، وادی نیلم اور مظفرآباد میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

پنجاب کے اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور اور دیگر علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

سندھ میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور تھرپارکر جبکہ بلوچستان کے زیارت، قلات، خضدار اور آواران میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

خیبرپختونخوا میں گزشتہ سیلابی ریلوں اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث اموات کی تعداد 200 سے تجاوز کر گئی ہے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران باجوڑ میں ایک امدادی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، جس سے ریسکیو آپریشنز متاثر ہوئے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے اور عوام کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

ٹیگز: