Wed, September 16, 2026

وزیراعظم شہباز شریف کا چین میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے منصوبوں کو مزید فعال بنانے پر زور

 وزیراعظم شہباز شریف کا چین میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے منصوبوں کو مزید فعال بنانے پر زور

بیجنگ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، اور مشترکہ منصوبوں کو مزید مؤثر طریقے سے فعال کیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے چین کے شہر تیانجن میں قائم نیشنل ارتھ کوئیک سیمولیشن سنٹر کے دورے کے دوران کہی، جہاں انہیں زلزلے، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے دوران استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی، ریسکیو سسٹمز اور میڈیکل ریسکیو گاڑیوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ چین اور پاکستان کے درمیان قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے کئی منصوبے پہلے سے موجود ہیں، جن میں چائنا-پاکستان جوائنٹ لیب فار ڈزاسٹر اینڈ ایمرجنسی میڈیسن، انٹرنیشنل میڈیکل کوآپریشن سینٹر اور فرینڈشپ ہسپتال شامل ہیں۔

وزیراعظم نے چین کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کی جدید ٹیکنالوجی اور طریقہ کار پاکستان میں بھی قدرتی آفات سے بہتر انداز میں نمٹنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ان تجربات سے فائدہ اٹھا کر پاکستان میں مؤثر حکمتِ عملی تیار کی جا سکتی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے پاکستان میں جاری حالیہ سیلابی صورتحال کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ نارووال، سیالکوٹ، وزیرآباد، حافظ آباد، چنیوٹ اور جھنگ کے متاثرہ علاقوں کے لیے وفاقی حکومت کی طرف سے امدادی سامان کے مزید قافلے روانہ کیے جا چکے ہیں، جو صوبائی اداروں کے حوالے کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کو ہدایت کی کہ وہ پنجاب حکومت اور دیگر اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔ 

ٹیگز: