کراچی :کراچی میں مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ ہاؤس میں اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں حفاظتی اقدامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، چیئرمین این ڈی ایم اے، وزیراعلیٰ سندھ، چیف سیکریٹری سندھ اور متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران مون سون بارشوں، ممکنہ ہیٹ ویو اور سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ مکمل الرٹ رہیں اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائیں۔
اجلاس میں نکاسی آب، ریسکیو آپریشن، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں اور مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے پر بھی بات چیت کی گئی۔