کراچی: سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ مون سون، سیلاب اور ہیٹ ویو جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سندھ حکومت تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے اور وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں مون سون کی تیاریوں، قدرتی آفات سے نمٹنے کی حکمت عملی اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ حکومت سندھ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات کے نقصانات کم کرنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی، بروقت فیصلے اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ نیکسٹ جنریشن ارلی وارننگ سسٹم اور پریڈکٹو ڈیزاسٹر انٹیلی جنس سسٹم کے ذریعے ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ جدید موسمیاتی، آبی اور جغرافیائی ڈیٹا کی بنیاد پر بہتر فیصلے کیے جا سکیں گے، جس سے انسانی جانوں، املاک اور بنیادی ڈھانچے کو محفوظ بنانے میں نمایاں مدد ملے گی۔
سینئر وزیر نے کہا کہ پاکستان کو گلیشیئرز پگھلنے، اچانک سیلاب، دریائی طغیانی، شدید گرمی اور طویل خشک سالی جیسے خطرات کا سامنا ہے، اس لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ اور مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت متعلقہ محکموں، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے جبکہ مون سون کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وسائل، مشینری اور امدادی اقدامات کو فعال رکھا جائے گا۔