لاہور : لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں اچانک طوفانی بارش اور ژالہ باری سے جہاں موسم خوشگوار ہو گیا ہے، وہاں شہریوں کے لیے مشکلات بھی کھڑی ہو گئی ہیں۔
صوبائی دارالحکومت میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث شہر کے تمام نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں جبکہ سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں 30 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
بارش اور تیز ہواؤں کے باعث لیسکو کا نظام شدید متاثر ہوا ہے اور 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر جانے کی وجہ سے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب، واپڈا ٹاؤن گول چکر کے قریب ایک رکشے پر دیوار گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔