خانیوال : خانیوال ریلوے اسٹیشن پر ایک افسوسناک واقعہ میں مسافر پل کا حصہ گر گیا، جس کے نتیجے میں ایک ریلوے ملازم اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا اور ایک خاتون مسافر شدید زخمی ہو گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق پل کی حالت پہلے ہی خستہ تھی، مگر بروقت مرمت نہ ہونے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ تین افسران کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ معطل شدگان میں انجینئرز اور پل کا انسپکٹر شامل ہیں۔
واقعے کے بعد عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور شہری مطالبہ کر رہے ہیں کہ ذمہ داروں کو کڑی سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک سانحات سے بچا جا سکے۔