Wed, September 16, 2026

آبی وسائل کا تحفظ قومی سلامتی کا مسئلہ ہے، پاکستان اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوگا: بلاول بھٹو

آبی وسائل کا تحفظ قومی سلامتی کا مسئلہ ہے، پاکستان اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوگا: بلاول بھٹو

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پانی کا مسئلہ صرف سرحدوں اور جغرافیے تک محدود نہیں بلکہ یہ خوراک، معیشت اور آنے والی نسلوں کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دنیا بھر میں آبی وسائل عالمی سیاست اور سلامتی کے بنیادی معاملات میں شامل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے دریائے سندھ کو پاکستان کی بقا اور ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کروڑوں لوگوں کی زندگی اور ملکی معیشت کا اہم ستون ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانی کے وسائل کو دباؤ یا ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا عالمی امن کے لیے تشویشناک رجحان ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ سندھ طاس معاہدے کی روح کے مطابق عمل درآمد اور پاکستان کے آبی حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آبی حقوق کو متاثر کرنے والی کسی بھی کوشش کا مناسب جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن اور مذاکرات کا حامی ہے، تاہم اپنے بنیادی حقوق کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پانی کے معاملے کو محض فنی یا انتظامی مسئلہ نہیں بلکہ قومی سلامتی کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے، کیونکہ آبی تحفظ براہ راست پاکستان کے مستقبل سے وابستہ ہے۔

ٹیگز: