Wed, September 16, 2026

سندھ میں دفعہ 144 کی مدت میں مزید ایک ماہ کا اضافہ، احتجاج، ریلیوں اور اسلحے کی نمائش پر پابندیاں برقرار

سندھ میں دفعہ 144 کی مدت میں مزید ایک ماہ کا اضافہ، احتجاج، ریلیوں اور اسلحے کی نمائش پر پابندیاں برقرار

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 کے تحت عائد پابندیوں میں مزید ایک ماہ کی توسیع کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ داخلہ سندھ نے نیا اعلامیہ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق توسیع شدہ پابندیاں یکم اگست 2026 سے نافذ العمل ہوں گی۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ احکامات سندھ کے تمام اضلاع میں یکساں طور پر نافذ ہوں گے۔ اس عرصے کے دوران جلسوں، جلوسوں، احتجاجی ریلیوں، دھرنوں، مظاہروں، عوامی اجتماعات اور وال چاکنگ پر عائد پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی۔

اعلامیے میں اسلحے کی نمائش پر عائد پابندی کو بھی مزید ایک ماہ کے لیے برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ رجسٹرڈ نجی سکیورٹی کمپنیوں کے اہلکار صرف ڈیوٹی کے دوران اسلحہ رکھنے کے مجاز ہوں گے، جبکہ گاڑیوں میں سفر، گشت یا عوامی مقامات پر ہتھیار کی نمائش کی اجازت نہیں ہوگی۔

محکمہ داخلہ کے مطابق اسلحہ صرف متعلقہ ڈیوٹی پوائنٹ تک محدود رکھا جائے گا اور ایسا کوئی بھی اقدام، جس سے شہریوں میں خوف یا بے چینی پھیلنے کا خدشہ ہو، قانوناً ممنوع ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 144 اور پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو مقدمات درج کرنے کے خصوصی اختیارات بھی تفویض کر دیے گئے ہیں۔

محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹیفکیشن تمام متعلقہ سرکاری اداروں کو ارسال کر دیا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد اقبال میمن کی منظوری کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں امن و امان کو یقینی بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے پابندیوں میں توسیع ضروری قرار دی گئی ہے۔

ٹیگز: