Wed, September 16, 2026

پاکستانی شوبز کے سینئر فنکار خالد نظامی انتقال کر گئے

پاکستانی شوبز کے سینئر فنکار خالد نظامی انتقال کر گئے

کراچی: پاکستان کے معروف اداکار اور مزاح نگار خالد نظامی طویل بیماری کے بعد انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر پر شوبز انڈسٹری اور مداحوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ جمعرات کو نمازِ ظہر کے بعد کراچی کے علاقے بفر زون میں واقع عثمانیہ مسجد میں ادا کی جائے گی۔

1947 میں پیدا ہونے والے خالد نظامی نے پاکستان ٹیلی وژن کے سنہری دور میں اپنی منفرد اداکاری اور شاندار مزاحیہ کرداروں سے نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کے مشہور ڈراموں میں ’انکل عرفی‘، ’شہزوری‘ اور ’ان کہی‘ شامل ہیں، جو آج بھی ناظرین میں مقبول ہیں۔

انہوں نے صرف ٹیلی وژن تک خود کو محدود نہیں رکھا بلکہ فلمی دنیا میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ’حقیقت‘ اور ’پہچان‘ سمیت متعدد فلموں میں ان کی اداکاری کو سراہا گیا۔

خالد نظامی کی وفات کے ساتھ پاکستانی شوبز ایک ایسے فنکار سے محروم ہو گیا جس نے کئی دہائیوں تک اپنی اداکاری اور مزاح سے ناظرین کو محظوظ کیا۔

ٹیگز: