لاہور : پاکستان کے معروف سینئر اداکار انور علی 71 برس کی عمر میں خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ وہ طویل عرصے سے گردوں اور پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا تھے اور گزشتہ چند دنوں سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔
انور علی کو گزشتہ رات طبیعت بگڑنے پر رائیونڈ روڈ کے اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔
مرحوم نے اسٹیج، ٹی وی اور فلم کے میدان میں ایک طویل عرصے تک شاندار خدمات انجام دیں۔ ان کا شمار پاکستان کے صفِ اول کے مزاحیہ اداکاروں میں ہوتا تھا۔ ان کا منفرد اندازِ گفتگو اور برجستہ جملے شائقین میں بے حد مقبول تھے۔
مداحوں اور فنکار برادری کی جانب سے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اداکار کے قریبی ساتھیوں نے انہیں باوقار، مزاح کے استاد اور فن کے لیے وقف شخصیت قرار دیا۔
انور علی کی نمازِ جنازہ سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔