Wed, September 16, 2026

کرن جوہر نے شاہ رخ خان اور ادتیہ چوپڑا کو اپنی کامیابی کا اہم سبب قرار دے دیا

کرن جوہر نے شاہ رخ خان اور ادتیہ چوپڑا کو اپنی کامیابی کا اہم سبب قرار دے دیا

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف فلم ساز کرن جوہر نے اپنی کامیابی کے سفر میں شاہ رخ خان اور ادتیہ چوپڑا کی حمایت کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان دونوں شخصیات نے ان پر اس وقت بھروسہ کیا جب وہ خود اپنی صلاحیتوں کے بارے میں پُراعتماد نہیں تھے۔

گرو پورنیما کے موقع پر کرن جوہر نے سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان اور ادتیہ چوپڑا کے ساتھ پرانی تصاویر شیئر کیں اور اپنے ابتدائی فلمی دور سے جڑی یادیں مداحوں کے ساتھ بیان کیں۔

کرن جوہر نے بتایا کہ ہدایتکاری کے آغاز میں وہ کافی پریشان تھے کیونکہ انہیں فلم کے سیٹ پر کام کرنے کا کوئی تجربہ نہیں تھا۔ ایسے وقت میں ان کے والد یش جوہر نے انہیں محنت، جذبے اور سیکھنے کے عمل کو جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔

فلم ساز نے شاہ رخ خان کے ساتھ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی ایک ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اداکار نے انہیں یقین دلایا تھا کہ وہ ان کی پہلی فلم میں ضرور کام کریں گے۔ کرن کے مطابق انہیں ابتدا میں اس بات پر یقین نہیں آیا، لیکن شاہ رخ خان نے اپنا وعدہ پورا کیا۔

شاہ رخ خان کی اداکاری سے سجی کرن جوہر کی پہلی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ نہ صرف کامیاب ہوئی بلکہ اس نے کرن کو فلم انڈسٹری میں ایک الگ شناخت بھی دی۔

کرن جوہر نے شاہ رخ خان اور ادتیہ چوپڑا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حوصلہ افزائی نے ان کے کیریئر کو نئی سمت دی۔ انہوں نے ان تمام رہنماؤں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جو دوسروں کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ٹیگز: