Wed, September 16, 2026

ہاجرہ یامین نے ناظرین کی پذیرائی کو اپنی کامیابی قرار دے دیا

ہاجرہ یامین نے ناظرین کی پذیرائی کو اپنی کامیابی قرار دے دیا

کراچی: اداکارہ ہاجرہ یامین نے کہا ہے کہ اب انہیں اس بات کا بخوبی اندازہ ہو گیا ہے کہ مداح ان کی اداکاری کو پسند کرتے ہیں اور وہ آئندہ ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں نشر ہونے والے ڈرامے ڈاکٹر بہو میں ان کے کردار کو ناظرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔ اگرچہ وہ مرکزی کردار کا حصہ نہیں تھیں، لیکن ان کی اداکاری اور جذباتی مناظر نے شائقین کو متاثر کیا۔

ہاجرہ یامین اس وقت ڈراموں ہمراہی اور ایک محبت اور میں بھی جلوہ گر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ایک فنکار کے طور پر ہر کردار میں اپنی بہترین صلاحیتیں دکھانے کی کوشش کرتی ہیں اور ناظرین کی جانب سے ملنے والی حوصلہ افزائی ان کے لیے مزید محنت کا باعث بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ آٹھ برسوں سے شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور اس دوران انہیں کامیابیوں کے ساتھ ساتھ کئی چیلنجز کا بھی سامنا کرنا پڑا، جنہوں نے ان کی فنی صلاحیتوں کو مزید نکھارا۔

اداکارہ کے مطابق وہ ہمیشہ سادہ اور روایتی کرداروں کے بجائے مختلف اور مشکل کرداروں کو ترجیح دیتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں انہوں نے ڈاکٹر بہو میں کام کرنے سے انکار کیا تھا، تاہم بعد ازاں پروڈیوسر ندیم بیگ کے اصرار پر وہ اس پراجیکٹ کا حصہ بنیں۔

ہاجرہ یامین نے اپنے ساتھی اداکار عدیل حسین کے بارے میں کہا کہ انہوں نے شوٹنگ کے دوران انہیں مکمل آزادی دی، جس کی بدولت وہ اپنے کردار کو بہتر انداز میں پیش کرنے میں کامیاب رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ تنقیدی آراء کو مثبت انداز میں لیتی ہیں اور اب ان کی توجہ زیادہ مضبوط اور تجارتی لحاظ سے کامیاب پروجیکٹس کا حصہ بننے پر ہے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ اپنے کام اور صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد رکھتی ہیں اور مستقبل میں مزید اہم اور یادگار کرداروں کے ساتھ ناظرین کے سامنے آتی رہیں گی۔
 
 

ٹیگز: