Wed, September 16, 2026

سوریا کمار یادیو قیادت سے محرومی پر بول پڑے، ’’مایوسی ہوئی مگر ناراض نہیں‘‘

سوریا کمار یادیو قیادت سے محرومی پر بول پڑے، ’’مایوسی ہوئی مگر ناراض نہیں‘‘

ممبئی : بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹی20 کپتان سوریا کمار یادیو نے قیادت سے ہٹائے جانے اور ٹیم کے موجودہ سکواڈ سے باہر کیے جانے پر خاموشی توڑ دی۔

سوریا کمار یادیو نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ سلیکشن کے فیصلے پر انہیں غصہ نہیں آیا، تاہم وہ اس صورتحال سے مایوس ضرور ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق ان کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے تقریباً دو سال تک کسی ٹی20 سیریز میں شکست کا سامنا نہیں کیا، جبکہ اس دوران ٹیم نے ایشیا کپ اور ٹی20 ورلڈ کپ سمیت اہم کامیابیاں حاصل کیں۔

سابق کپتان نے سوال اٹھایا کہ جب ٹیم کی کارکردگی اچھی جارہی تھی تو قیادت تبدیل کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔ تاہم انہوں نے نئے کپتان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہترین کرکٹر اور اچھے انسان ہیں، اس لیے انہیں امید ہے کہ وہ ٹیم کی ذمہ داری بخوبی نبھائیں گے۔

یادیو کے مطابق انہیں کپتانی ختم کیے جانے کے فیصلے سے محض تین دن پہلے آگاہ کیا گیا تھا۔ سلیکٹرز نے ان کی حالیہ فارم کو تبدیلی کی بنیادی وجہ قرار دیا۔ بعد میں جب انہیں معلوم ہوا کہ نئے سکواڈ میں بھی ان کا انتخاب نہیں ہوا تو انہوں نے اس صورتحال کا سامنا مسکراہٹ کے ساتھ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی عادت ہے کہ مشکل وقت میں بھی جذباتی ہونے کے بجائے خود کو پُرسکون رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ زندگی میں آنے والی ہر صورتحال کو قبول کرتے ہوئے شکر گزار رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔

سوریا کمار نے بتایا کہ انہیں یقین تھا کہ وہ کم از کم اگلے دو سال تک بھارتی ٹی20 ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے۔ ان کے ذہن میں مستقبل کے بڑے اہداف بھی تھے، جن میں اولمپکس اور آئندہ ٹی20 ورلڈ کپ جیسے اہم ایونٹس شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس مشکل مرحلے میں خاندان اور دوستوں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور انہیں سمجھایا کہ کھیل اور زندگی دونوں میں حالات ہمیشہ ایک جیسے نہیں رہتے۔

سابق بھارتی کپتان نے اس موقع پر اپنے مستقبل کے حوالے سے مثبت رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ گزرے ہوئے فیصلوں کے بجائے اپنی کارکردگی اور آنے والے مواقع پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔

ٹیگز: