لاہور:انٹرنیٹ کمپنی میٹا کی جانب سے مشہور اداکاروں اور گلوکاروں کی تصاویر اور ناموں کا بغیر اجازت استعمال کرتے ہوئے فحش اے آئی چیٹ بوٹس بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ان میں ٹیلر سوئفٹ، اسکارلٹ جانسن، این ہیتھ وے اور سلینا گومز جیسے معروف افراد شامل ہیں۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق، میٹا نے سوشل میڈیا پر درجنوں چیٹ بوٹس بنائے جن میں مشہور شخصیات کے کردار میں خود کو پیش کرتے ہوئے صارفین سے جنسی اور رومانوی گفتگو کی گئی۔ ان بوٹس نے حقیقت نما تصاویر بھی فراہم کیں، جن میں بعض نے نامناسب مواد بھی شامل کیا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ میٹا نے کم عمر شخصیات جیسے 16 سالہ اداکارہ واکر سکوبل کے چیٹ بوٹس بنانے کی اجازت دی، جنہوں نے ایک موقع پر غیر مناسب تصویر فراہم کی۔ میٹا نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ کمپنی نے اپنی پالیسیوں کی خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے کئی بوٹس کو حذف کر دیا ہے۔