Wed, September 16, 2026

واٹس ایپ کی پالیسی میں تبدیلی: میٹا نے عمومی چیٹ بوٹس کو ہٹانے کا فیصلہ کر لیا

واٹس ایپ کی پالیسی میں تبدیلی: میٹا نے عمومی چیٹ بوٹس کو ہٹانے کا فیصلہ کر لیا

کیلیفورنیا:میٹا نے واٹس ایپ کی پرائیویسی پالیسی میں ایک اہم تبدیلی کا اعلان کیا ہے جس کے تحت عمومی نوعیت کے چیٹ بوٹس کو واٹس ایپ سے ہٹا دیا جائے گا۔ یہ نئی پالیسی 15 جنوری 2026 سے نافذ العمل ہو گی۔

میٹا نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پابندی ان کاروباری اداروں پر لاگو نہیں ہو گی جو مصنوعی ذہانت کا استعمال کسٹمر سروس کے لیے کرتے ہیں، جیسے کہ ریٹیلرز، ایئر لائنز اور ٹریول ایجنٹس۔

نئی پالیسی کے مطابق، مصنوعی ذہانت فراہم کرنے والی کمپنیاں جیسے پرپلکسی، لوزیا، اوپن اے آئی اور پوک، واٹس ایپ کی بزنس سلوشنز کے ذریعے اپنے چیٹ بوٹس یا جنریٹیو مصنوعی ذہانت کی خصوصیات کو مرکزی سروس کے طور پر استعمال نہیں کر سکیں گی۔

میٹا نے کہا کہ واٹس ایپ بزنس اے پی آئی کا مقصد کاروباروں کو صارفین کو مدد فراہم کرنے اور اپ ڈیٹس بھیجنے میں معاونت کرنا ہے، نہ کہ پورے چیٹ سسٹمز چلانا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پچھلے ایک سال میں عمومی چیٹ بوٹس کا استعمال تیز ہوا ہے جس سے واٹس ایپ کے سسٹم پر اضافی بوجھ پڑا تھا، اور پیغامات کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ اور نئے سپورٹ ڈھانچے کی ضرورت پیدا ہوئی تھی۔

میٹا کے مطابق، یہ فیصلہ بزنس اے پی آئی کی اصل حکمت عملی اور مقصد کے مطابق ڈیزائن کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔ اس تبدیلی کے بعد تیسرے فریق کے مصنوعی ذہانت والے چیٹ بوٹس واٹس ایپ پر کام نہیں کریں گے، اور صرف میٹا کی مصنوعی ذہانت کا چیٹ ایجنٹ ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہو گا۔

ٹیگز: