Wed, September 16, 2026

فحش مواد کی تیاری کے خطرات کے پیشِ نظر ، انڈونیشیا نے اے آئی چیٹ بوٹ ’گروک‘ پر پابندی لگادی

فحش مواد کی تیاری کے خطرات کے پیشِ نظر ، انڈونیشیا نے اے آئی چیٹ بوٹ ’گروک‘ پر پابندی لگادی

انڈونیشیا:انڈونیشیا نے ایلون مسک کے چیٹ بوٹ ’گروک‘ پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے فحش مواد تیار کرنے اور پھیلانے کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، جبکہ دیگر ممالک بھی اس مسئلے پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔

امریکی اخبار دی گارڈین کے مطابق انڈونیشیا کی وزارتِ ڈیجیٹل امور نے گروک کی کمپنی ’ایکس آئی‘ سے اس معاملے میں وضاحت طلب کی ہے۔ وزارت کے مطابق فحش ڈیپ فیک مواد انسانی وقار، حقوق اور شہریوں کی ڈیجیٹل سلامتی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

ایکس آئی نے اعلان کیا کہ تصاویر بنانے اور ایڈٹ کرنے کی سہولت اب صرف ادائیگی کرنے والے صارفین کے لیے دستیاب ہوگی، کیونکہ حفاظتی خامیوں کی وجہ سے جنسی مواد اور بچوں کی عریاں تصاویر بھی بن رہی تھیں۔

ایلون مسک نے بیان میں واضح کیا کہ جو کوئی گروک کو غیر قانونی مواد بنانے کے لیے استعمال کرے گا، اسے قانونی نتائج بھگتنے ہوں گے۔

انڈونیشیا میں آن لائن فحش مواد کے خلاف سخت قوانین موجود ہیں، اور اس پابندی کے اعلان کے بعد گروک نے زیادہ تر صارفین کے لیے تصویر بنانے کے فیچر کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔ برطانیہ اور آسٹریلیا نے بھی اس مسئلے پر تشویش ظاہر کی اور ممکنہ جرمانے، ریگولیٹری اقدامات اور قانونی کارروائیوں کا عندیہ دیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جنریٹیو اے آئی کے ذریعے فحش مواد کی تیاری کے واقعات میں حالیہ دنوں میں اضافہ ہوا ہے، اور حکومتوں کے سخت اقدامات اس خطرے کو کنٹرول کرنے کے لیے ضروری ہیں۔

ٹیگز: