Wed, September 16, 2026

پاکستان امن کا حامی، لیکن جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے:ڈی جی آئی ایس پی آر

پاکستان امن کا حامی، لیکن جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے:ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارت جھوٹے بیانیے کی بنیاد پر خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے اور ایسی صورتحال پیدا کر رہا ہے جو دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان تباہ کن تصادم کا سبب بن سکتی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے  برطانوی نشریاتی ادارے  کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو "ہم ہر لمحے تیار ہیں، اگر جنگ چاہیے تو جنگ سہی۔"

ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی ریاستوں کے درمیان تصادم غیر دانشمندانہ اور غیر ذمہ دارانہ ہوگا۔ ’’یہ ایک ایسا راستہ ہے جو دونوں ممالک کے لیے مکمل تباہی کا باعث بن سکتا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران ایک بار پھر پرانے اور بے بنیاد دعوے دہرا رہا ہے۔ ’’چند سالوں بعد بھارت کی جانب سے ایک نیا جھوٹا بیانیہ سامنے آتا ہے۔ یہ عمل نہ صرف خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے بلکہ خود بھارت کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی علاقوں پر کی جانے والی فضائی کارروائیوں کے بعد پاکستان نے ذمہ دارانہ انداز میں جواب دیا اور مزید کشیدگی سے گریز کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے انکشاف کیا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت کی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے نپا تلا اور مؤثر جواب دیا اور دشمن کے 6 طیارے مار گرائے۔ہمیں زیادہ نقصان پہنچانے کی صلاحیت تھی، لیکن ہماری قیادت نے بالغ نظری کا مظاہرہ کیا اور خطے کو بڑے بحران سے بچایا۔‘‘

فوجی ترجمان کے مطابق بھارتی ڈی جی ملٹری آپریشنز نے خود رابطہ کیا اور سیز فائر کی خواہش ظاہر کی۔ پاکستان نے اپنا دفاعی جواب مکمل کرنے کے بعد بات چیت پر آمادگی ظاہر کی۔انہوں نے کہا کہ عالمی ثالث، خاص طور پر امریکی قیادت، نے اس کشیدگی کو کم کرنے میں کردار ادا کیا۔

انڈیا کی جانب سے بہاولپور اور مظفرآباد میں دہشتگرد ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے۔’’وہ مساجد پر بمباری کرتے ہیں اور بعد میں کہتے ہیں کہ یہ دہشتگردی کے مراکز تھے۔ اگر ان کے پاس واقعی کوئی ٹھوس ثبوت ہے تو پاکستان خود کارروائی کرے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن دوست ملک ہے، لیکن اپنی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ ’’ہم جنگ نہیں چاہتے، لیکن کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔‘‘

ٹیگز: