لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 19ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ مقابلہ بدھ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جا رہا ہے۔
لاہور قلندرز اب تک ٹورنامنٹ میں چھ میچز کھیل چکی ہے، جن میں سے تین میں کامیابی اور تین میں شکست ہوئی ہے۔ ٹیم نے گزشتہ میچ میں ملتان سلطانز کو پانچ وکٹوں سے ہرایا، جس میں انہوں نے 186 رنز کا ہدف ایک اوور پہلے حاصل کر کے اعتماد بحال کیا۔
ادھر اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک کھیلے گئے پانچوں میچز میں کامیابی حاصل کی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ ان کی تازہ کامیابی بھی ملتان سلطانز کے خلاف تھی، جہاں انہوں نے 169 رنز کا ہدف صرف 17.1 اوورز میں عبور کر لیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 19 مقابلے ہو چکے ہیں، جن میں اسلام آباد کو 10 اور لاہور کو 9 فتوحات ملی ہیں۔ ان کے درمیان کئی میچز یادگار اور سنسنی خیز رہے ہیں۔
لاہور قلندرز کی ٹیم گزشتہ کامیابی کے بعد اسی اسکواڈ کے ساتھ میدان میں اترنے کا امکان ہے۔ فخر زمان، ڈیرل مچل اور سکندر رضا بیٹنگ میں فارم میں ہیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی بولنگ جوڑی ٹیم کا بڑا ہتھیار ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ بھی اپنی کامیاب ٹیم میں تبدیلی نہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان کے اسکواڈ میں مقامی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج ہے، جو مسلسل اعلیٰ کارکردگی پیش کر رہے ہیں۔
اگرچہ لاہور کو ہوم گراؤنڈ اور تازہ فتح کا فائدہ حاصل ہے، لیکن اسلام آباد کی ناقابلِ شکست پرفارمنس اور متوازن ٹیم انہیں اس مقابلے میں ہلکی سی برتری دلاتی ہے۔