نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں فلسطینی عوام پر ہونے والے اسرائیلی مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسجد الاقصیٰ میں اسرائیلی وزیروں کی اشتعال انگیزی ناقابل قبول ہے اور اس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہو رہے ہیں۔
عاصم افتخار نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی محاصرہ غیر قانونی ہے اور فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ اس محاصرے کے باعث لاکھوں فلسطینی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ نہ کھانے کو کچھ ہے، نہ پینے کو صاف پانی، اور اسپتالوں میں بھی بنیادی سہولیات میسر نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک ہزاروں بے گناہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی یہ کارروائیاں ظلم و بربریت کی انتہا ہیں۔
پاکستانی مندوب نے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی بھی سختی سے مخالفت کی اور مطالبہ کیا کہ فلسطینی عوام کو ان کے حقوق دیے جائیں اور انہیں فوری امداد فراہم کی جائے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور دنیا سے بھی یہی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ انصاف کا ساتھ دیں اور اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ ظلم کا یہ سلسلہ بند ہو۔