Wed, September 16, 2026

پنجاب کلین ایئر پروگرام کیلئے 30 کروڑ ڈالر قرض، عالمی بینک نے منظوری دے دی

پنجاب کلین ایئر پروگرام کیلئے 30 کروڑ ڈالر قرض، عالمی بینک نے منظوری دے دی

اسلام آباد: عالمی بینک نے فضائی آلودگی سے نمٹنے اور ہوا کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے پنجاب کلین ایئر پروگرام (پی سی اے پی) کے لیے 30 کروڑ امریکی ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔

عالمی بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، گروپ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے گزشتہ روز پنجاب کلین ایئر پروگرام کے لیے قرض کی منظوری دی۔ اس منصوبے کا مقصد فضائی آلودگی کی روک تھام اور ہوا کے معیار کے مؤثر انتظام کو یقینی بنانا ہے۔


پی سی اے پی منصوبہ حکومت پنجاب کے اسموگ مٹیگیشن ایکشن پلان (ایس ایم اے پی) کی معاونت کرے گا، جس کے تحت فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے ٹرانسپورٹ، زراعت، صنعت، توانائی اور میونسپل سروسز جیسے اہم شعبوں میں مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

عالمی بینک کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر، ناجی بینہسین نے کہا کہ پنجاب کلین ایئر پروگرام کا مقصد صوبے میں فضائی آلودگی کو کم کرنا اور لاکھوں لوگوں کی صحت کو بہتر بنانا ہے۔ یہ اقدام ہوا کے معیار کو بہتر بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔


ورلڈ بینک کے مطابق، پنجاب کلین ایئر پروگرام ورلڈ بینک کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) کے اصولوں کے مطابق ہے اور آئندہ دہائی میں آلودگی کی شرح میں 35 فیصد کمی کا ہدف رکھتا ہے۔ اس منصوبے سے لاہور ڈویژن کے تقریباً ایک کروڑ 30 لاکھ شہریوں کو صحت کے مسائل میں نمایاں کمی ملے گی۔


پروجیکٹ کے ٹیم لیڈر شیام سری نواسن کے مطابق، اس منصوبے کے تحت کاشتکاروں کو فصلوں کی بہتر پیداوار کے لیے جدید ٹیکنالوجیز فراہم کی جائیں گی۔ مزید برآں، ای بسوں اور ڈپو کی تعمیر سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔


اس پروگرام کے تحت سرکاری ملازمین کی تربیت اور مہارت کو فروغ دینے پر بھی زور دیا جائے گا۔ فضائی آلودگی کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ایک صحت مند اور پائیدار ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔

ٹیگز: