Wed, September 16, 2026

آبنائے ہرمز: عمان اور ایران کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق

آبنائے ہرمز: عمان اور ایران کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق

مسقط : عمان اور ایران نے آبنائے ہرمز سے متعلق امور میں باہمی رابطوں اور تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

عمانی وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق دونوں ممالک کی مشترکہ کمیٹی کا پہلا اجلاس آج منعقد ہوا، جس میں آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظامی ڈھانچے اور متعلقہ معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں عمانی وفد کی قیادت وزارتِ خارجہ کے نمائندے شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ الہنائی نے کی، جبکہ ایرانی وفد کی سربراہی نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے انجام دی۔

عمانی وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ دونوں فریقوں نے آبنائے ہرمز سے متعلق روابط اور تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ خودمختاری کے احترام کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں ممالک نے بین الاقوامی قوانین کی پابندی کے عزم کو بھی دہرایا اور آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حمل اور شپنگ خدمات کے شعبے میں تعاون کے مختلف طریقۂ کار پر غور کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ عمان اور ایران نے دوطرفہ اور عالمی سطح پر مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے پر زور دیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ آبنائے ہرمز کے ساحلی ممالک کی حیثیت سے قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔

ٹیگز: