اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کی سنیارٹی سے متعلق ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا سینئر ترین جج قرار دے دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جسٹس ڈوگر اور دو دیگر ججز کے تبادلے بھی مستقل کر دیے گئے ہیں۔
یہ فیصلہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر کیا گیا ہے، جس نے ہائیکورٹ ججز کی سنیارٹی کا معاملہ صدر کو بھیجا تھا تاکہ حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔
صدر کی جانب سے جاری کردہ سنیارٹی لسٹ کے مطابقجسٹس سرفراز ڈوگر پہلے نمبر پر، جسٹس محسن اختر کیانی دوسرے نمبر پر،اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب تیسرے نمبر پر ہوں گے۔
اسی لسٹ میں تبادلہ کیے گئے دیگر ججز کا بھی ذکر ہے جسٹس خادم حسین سومرو نویں نمبر پر، اور جسٹس محمد آصف گیارہویں نمبر پر ہوں گے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججز نے گزشتہ دنوں سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔
اس سے قبل 19 جون کو سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے تین ججز کے اسلام آباد ہائیکورٹ میں تبادلے کو آئینی اور قانونی قرار دیتے ہوئے ان ججز کی جانب سے دائر درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔