Wed, September 16, 2026

کم عمر بچیوں کی آڑ میں دہشت گردی کی سازش، دونوں مکران سے بازیاب

کم عمر بچیوں کی آڑ میں دہشت گردی کی سازش، دونوں مکران سے بازیاب

زینب اور فاطمہ کو 40 روز تک نامعلوم مقام پر رکھا گیا، دونوں کو مکران سے بازیاب کرایا گیا: ضیا لانگو

کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے دعویٰ کیا ہے کہ دہشت گرد عناصر نے دو کم عمر لڑکیوں کو ورغلا کر خودکش حملوں کے لیے تیار کرنے کی کوشش کی، تاہم دونوں کو مکران کے علاقے سے بازیاب کرالیا گیا۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ضیا اللہ لانگو نے بتایا کہ 16 سالہ زینب اور 12 سالہ فاطمہ کو مبینہ طور پر جذباتی طور پر ورغلا کر دہشت گردی کی طرف مائل کیا گیا۔ دونوں بچیوں کو تقریباً 40 روز تک نامعلوم مقام پر رکھا گیا، جہاں انہیں مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

وزیر داخلہ کے مطابق زینب کے شوہر سیف کو تنظیم کے ساتھ کام کرنے سے انکار پر قتل کیا گیا، جس کے بعد ایک مقامی کمانڈر نے زینب سے رابطہ کیا اور اسے شوہر کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے آمادہ کیا۔

ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ دونوں بچیوں کو مبینہ طور پر ایک محدود مقام پر رکھ کر خودکش حملے کے لیے تیار کیا جا رہا تھا۔ ان کے مطابق دہشت گردوں نے کم عمر بچیوں کے جذبات اور مجبوریوں کا فائدہ اٹھایا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے مسلسل کارروائیاں کررہے ہیں اور متعدد حملوں کو وقوع پذیر ہونے سے پہلے ناکام بنایا جاتا ہے۔

ٹیگز: