کیلیفورنیا : ایپل کی جانب سے آئی فون 18 سیریز کی نئی نسل کو 9 ستمبر کو متعارف کرانے کی توقع کی جارہی ہے، جبکہ کمپنی کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی لانچ بھی اسی تقریب میں ہونے کی اطلاعات ہیں۔
نئے آئی فونز کے حوالے سے صارفین کی دلچسپی پہلے ہی نمایاں ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایپل کے لانچ ایونٹ میں آئی فون 18 سیریز کے علاوہ ایپل واچ سیریز 12، ایپل واچ الٹرا، ہوم پوڈ منی، آئی پوڈ اور ایپل ٹی وی کی نئی مصنوعات بھی سامنے آسکتی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایپل اس مرتبہ اپنی آئی فون لانچ حکمت عملی میں تبدیلی کررہا ہے۔ امکان ہے کہ کمپنی آئی فون 18 اور آئی فون 18 پرو میکس کے ساتھ ایک فولڈ ہونے والی ڈیوائس بھی متعارف کرائے گی، جسے ’آئی فون الٹرا‘ کا نام دیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب اسٹینڈرڈ آئی فون 18 اور آئی فون ایئر 2 کی دستیابی فوری طور پر شروع ہونے کے بجائے 2027 کے آغاز میں متوقع ہے۔
فولڈ ایبل آئی فون کی قیمت کے حوالے سے بھی مختلف قیاس آرائیاں سامنے آرہی ہیں۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ ڈیوائس 2 ہزار ڈالر سے زائد قیمت کے ساتھ ایپل کا سب سے مہنگا آئی فون بن سکتی ہے۔
بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق آئی فون 18 پرو ماڈلز کی قیمتوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمپنی موجودہ قیمتوں کے مقابلے میں تقریباً 100 ڈالر کا اضافہ کرسکتی ہے، جس کے نتیجے میں آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1199 ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔
رپورٹ میں قیمت بڑھنے کی ممکنہ وجوہات میں ریم سمیت مختلف چپس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو قرار دیا گیا ہے۔ تاہم، فولڈ ایبل آئی فون سمیت تمام نئی ڈیوائسز کی حتمی قیمت اور تفصیلات کا اعلان ایپل کی جانب سے باضابطہ لانچ ایونٹ میں کیا جائے گا۔