Wed, September 16, 2026

"پاکستان بہترین ثالث ہے"؛ امریکا ایران مذاکرات پر قطر کا دوٹوک موقف سامنے آگیا

دوحہ : قطر نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکراتی عمل میں پاکستان کے سفارتی کردار کو "بہترین" قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس معاملے میں اب کسی نئے ثالث کی ضرورت نہیں ہے۔ قطری وزارتِ خارجہ نے مذاکرات کے دائرے کو مزید وسیع کرنے یا نئے ممالک کی شمولیت کی تجاویز کو غیر ضروری قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔
قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے پریس بریفنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اس وقت انتہائی ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہا ہے۔ تاہم، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مذاکرات کسی تعطل کا شکار ہوئے تو خطہ ایک ایسے "منجمد تنازع" (Frozen Conflict) کی لپیٹ میں آ سکتا ہے جو وقتاً فوقتاً دوبارہ بھڑک کر تباہی پھیلا سکتا ہے۔
قطر نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے جاری دھمکیوں پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ  آبنائے ہرمز کا براہِ راست تعلق دنیا کی توانائی کی ترسیل سے ہے، اسے سیاسی سودے بازی کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ قطر کسی بھی ایسی مہم جوئی کی مخالفت کرے گا جس سے اس گزرگاہ کی بندش کا خطرہ ہو، کیونکہ دنیا اس وقت کسی نئے معاشی بحران کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ترجمان نے مزید کہا کہ قطر مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے اپنے تمام شراکت داروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ انہوں نے لبنان اور اس کی افواج کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے بین الاقوامی فریم ورک کے تحت جاری تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ٹیگز: