Wed, September 16, 2026

بھارتی فوجی افسران پاکستان میں دہشتگرد نیٹ ورک چلا رہے ہیں:ڈی جی آئی ایس پی آر کا انکشاف

 بھارتی فوجی افسران پاکستان میں دہشتگرد نیٹ ورک چلا رہے ہیں:ڈی جی آئی ایس پی آر کا انکشاف

راولپنڈی: ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے ناقابل تردید شواہد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی مالی معاونت، تربیت اور اسلحہ فراہم کر رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق، پہلگام واقعے کے فوراً بعد بھارت نے پاکستان پر بلا ثبوت الزامات عائد کیے، مگر آج تک کوئی شواہد مہیا نہیں کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ 25 اپریل کو جہلم سے ایک بھارتی تربیت یافتہ دہشتگرد کو گرفتار کیا گیا، جس سے نہ صرف آئی ای ڈی اور نقدی برآمد ہوئی بلکہ گھر سے بھارتی ساختہ ڈرون اور 10 لاکھ روپے بھی ملے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ گرفتار دہشتگرد کا ہینڈلر بھارتی فوج کا حاضر سروس صوبیدار "سخوندر" ہے، جب کہ اس نیٹ ورک کی قیادت میجر سندیپ ورما (کوڈ: سمیر) کر رہا ہے جو مقبوضہ کشمیر میں غیرقانونی طور پر تعینات ہے۔ دیگر ملوث افراد میں حوالدار امت اور ایک نامعلوم بھارتی افسر شامل ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے آڈیو ثبوت بھی پیش کیے جن میں بھارتی افسران دہشتگردوں کو اہداف، لوکیشن اور مالی سپورٹ فراہم کرتے سنائی دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہم صرف الزامات نہیں، شواہد کے ساتھ دشمن کی سازشوں کو بے نقاب کر رہے ہیں"۔

ٹیگز: