Wed, September 16, 2026

دہشت گردی کا نیٹ ورک بے نقاب: بلوچستان سے خودکش بمبار خاتون گرفتار، ٹی ٹی پی کمانڈر کے گھناؤنے عزائم کا انکشاف

دہشت گردی کا نیٹ ورک بے نقاب: بلوچستان سے خودکش بمبار خاتون گرفتار، ٹی ٹی پی کمانڈر کے گھناؤنے عزائم کا انکشاف

کوئٹہ : سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے خودکش حملے کی منصوبہ بندی کرنے والی خاتون 'لائبہ' کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس گرفتاری نے کالعدم تنظیموں کے اس گھناؤنے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے جو خواتین کو دہشت گردی کے لیے استعمال کر رہا ہے۔
ضلع خضدار سے تعلق رکھنے والی لائبہ نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کئی اہم حقائق سامنے لائے ہیں۔  لائبہ نے انکشاف کیا کہ گزشتہ سال جولائی میں اس کا رابطہ کالعدم ٹی ٹی پی کے کمانڈر ابراہیم عرف قاضی سے ہوا، جس نے اسے خودکش حملے کے لیے تیار کیا۔
 خاتون کے مطابق، اسے مسلسل ورغلا کر اس کی اس حد تک ذہن سازی کی گئی کہ وہ انسانی جانوں کے ضیاع اور خودکش دھماکے کے لیے رضامند ہو گئی۔ لائبہ کو نہ صرف حملے کے لیے تیار کیا گیا بلکہ اسے یہ ٹارگٹ بھی دیا گیا کہ وہ مزید لڑکیوں کو اس نیٹ ورک کا حصہ بنائے اور انہیں دہشت گردی کی تربیت دلوائے۔
انٹیلیجنس ذرائع کا کہنا ہے کہ لائبہ کی گرفتاری دہشت گردوں کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔ اس کے قبضے سے ملنے والی معلومات اور اس کے بیانات کی روشنی میں کئی دیگر مشکوک افراد کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد اب خواتین کو ڈھال کے طور پر استعمال کر کے اپنے ناپاک عزائم پورے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
گرفتار لائبہ نے اپنے بیان کے آخر میں ندامت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی خواتین کو پیغام دیا "میں تمام بہنوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ ان دہشت گردوں کے جھوٹے پروپیگنڈے میں نہ آئیں اور اپنے آپ کو کسی بھی غیر قانونی یا ملک دشمن سرگرمی سے دور رکھیں۔

ٹیگز: