Wed, September 16, 2026

پاکستان سکولز عمان کا گولڈن جوبلی جشن ۔۔۔۔ پچاس سالہ تعلیمی خدمات کو شاندار خراجِ تحسین

پاکستان سکولز عمان کا گولڈن جوبلی جشن ۔۔۔۔ پچاس سالہ تعلیمی خدمات کو شاندار خراجِ تحسین

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، عمانی و بین الاقوامی شخصیات کی شرکت، تعلیم و ثقافت کے فروغ میں ادارے کا کلیدی کردار تسلیم

مسقط : پاکستان سکولز عمان نے اپنی پچاسویں سالگرہ فخر و وقار کے ساتھ مناتے ہوئے نصف صدی پر محیط ایک ایسے تعلیمی و سماجی سفر کا جشن منایا جو خدمت، شفافیت اور معیارِ تعلیم کی مثال بن چکا ہے۔

تقریب مسقط میں نہایت شاندار اور باوقار انداز میں منعقد ہوئی۔ وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی و انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور پاکستان اسکولز عمان کی پچاس سالہ کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا:

“پاکستان اسکولز عمان علم، نظم و ضبط اور بین الثقافتی ہم آہنگی کا علمبردار ادارہ ہے۔ یہ نہ صرف پاکستانی برادری بلکہ مختلف قومیتوں کے لیے بھی معیارِ تعلیم کا استعارہ بن چکا ہے۔

تقریب میں عمان، پاکستان اور مختلف ممالک کے معزز مہمانوں نے شرکت کی، جن میں ڈائریکٹر جنرل وزارتِ تعلیم و تربیت، ڈاکٹر خدیجہ سلامی،یونیسکو عمان کی سربراہ، محترمہ یسرٰی الحارثی،سپیکر مجلسِ شوریٰ، سالم المحروقی،ممبر مجلسِ شوریٰ، ڈاکٹر علی الحراصی،سینیٹر عوض باقویر،شیخ نجیب الزدجالی،سفیرِ پاکستان، سید نوید صفدر بخاری۔برطانیہ، چین، ازبکستان، سوڈان سمیت دیگر ممالک کے سفارتکار شامل تھے۔

سفیر پاکستان سید نوید صفدر بخاری نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے تعلقات میں تعلیم اور ثقافت بنیادی ستون کی حیثیت رکھتے ہیں، اور پاکستان اسکولز عمان اس دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز، امیر حمزہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسکولز عمان خلیجی خطے میں واحد غیر منافع بخش پاکستانی تعلیمی ادارہ ہے جو اپنے وسائل اور عزم کے بل بوتے پر کامیابی کی نئی تاریخ رقم کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ادارے کا پہلا جامع بیرونی آڈٹ مکمل ہو چکا ہے، جو مالی شفافیت اور انتظامی استحکام کا مظہر ہے۔ پچھلے تین برسوں میں طلبہ کی تعداد دوگنی ہو چکی ہے جو ادارے کے معیار اور عوامی اعتماد کا ثبوت ہے۔

تقریب میں پاکستانی کمیونٹی، والدین، اساتذہ، طلبہ اور سابق طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے گولڈن جوبلی کے موقع پر پاکستان اسکولز عمان کے روشن ماضی، مستحکم حال اور پُرامید مستقبل کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کا اختتام یادگاری شیلڈز کی تقسیم اور قومی ترانے کی گونج میں ہوا۔
پاکستان سکولز عمان کی پچاس سالہ کامیابیاں اس حقیقت کی عکاس ہیں کہ علم، عزم اور خدمت کے امتزاج سے قومیں اپنے مستقبل کو روشن کر سکتی ہیں۔

ٹیگز: