لاہور: بزنس کمیونٹی کے ایک بڑے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایم تنویر نے ملک کی معیشت کی موجودہ صورتحال اور کاروباری شعبے کے لیے اصلاحات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاسپورٹ کی دنیا میں عزت بڑھ رہی ہے اور فیلڈ مارشل و وزیراعظم کی قیادت کی تعریف عالمی سطح پر ہو رہی ہے۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ موجودہ حالات میں نہ صرف نئی صنعتیں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ پرانی صنعتیں بھی چل نہیں رہیں، جبکہ بجلی کے نرخ اور بینکوں کے سود کی شرح بلند ہیں۔ انہوں نے لوکل چیمبرز میں جاری تنازعات ختم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ اگر ہم آپس میں لڑتے رہیں تو یہ شرم کی بات ہوگی۔
انہوں نے معیشت میں بہتری کے لیے سیکٹرل اور ڈسٹرکٹ اکانومی پر زور دیا اور کہا کہ حکومت کے ساتھ مل کر آئی ایم ایف کے بوجھ سے نجات ممکن ہے۔ ایس ایم تنویر نے کہا: "معرکہ حق تو جیت لیا، اب معرکہ معیشت جیت کر دکھائیں گے۔ اگر ہمارے کاروبار چلیں گے تو ملک میں خوشحالی آئے گی۔"
یہ اجلاس ایس ایم تنویر کے والد کی تیسری برسی کے موقع پر منعقد ہوا، جس میں ملک بھر کی بزنس کمیونٹی نے شرکت کی۔