Wed, September 16, 2026

ورلڈ ارتھ ڈے: پاکستان بھر میں ایک گھنٹے کے لیے لائٹس بند کی گئیں

ورلڈ ارتھ ڈے: پاکستان بھر میں ایک گھنٹے کے لیے لائٹس بند کی گئیں

اسلام آباد : دنیا بھر میں زمین کے تحفظ کے عالمی دن ورلڈ ارتھ ڈے کے موقع پر پاکستان میں بھی ایک منفرد اقدام کیا گیا اور سرکاری عمارتوں کی غیر ضروری روشنیوں کو ایک گھنٹے کے لیے بند کر دیا گیا۔

وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق رات 8:30 بجے سے 9:30 بجے تک یہ اقدام نافذ کیا گیا۔ اس دوران شاہراہ دستور اور ریڈ زون مکمل طور پر اندھیرے میں ڈوب گئے، جبکہ سرکاری دفاتر اور اہم عمارتوں کی غیر ضروری لائٹس بھی بند رہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس، سینٹ، ایوان صدر، سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت کی لائٹس بھی اس دوران بجھائی گئیں۔ راولپنڈی سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سرکاری دفاتر کی غیر ضروری روشنیوں کو بھی ایک گھنٹے کے لیے بند کر دیا گیا۔

لاہور میں بھی مرکزی شاہراہوں اور اہم سرکاری عمارتوں کی روشنیوں کو اس وقت کے لیے بند کیا گیا۔ پنجاب حکومت کے ترجمان کے مطابق صوبے کے 500 سے زائد مقامات پر روشنیوں کا سلسلہ معطل رہا، جس میں کمشنر، ڈپٹی کمشنر کے دفاتر بھی شامل تھے۔

اہم شہروں کی مرکزی سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹس بند کی گئیں، نجی عمارتوں میں روشنی کم کی گئی اور مری کے ایمفی تھیٹر میں شمعیں روشن کی گئیں۔

اسی طرح بلوچستان، خیبرپختونخوا اور سندھ کے تمام شہروں میں بھی ورلڈ ارتھ ڈے کے موقع پر ایک گھنٹے کے لیے روشنیوں کو بند رکھا گیا۔

ٹیگز: