Wed, September 16, 2026

ارتھ آور: صدر آصف زرداری کی عوام سے ایک گھنٹہ روشنیاں بند کرنے کی اپیل، موسمیاتی تبدیلی کو بڑا چیلنج قرار دے دیا

 ارتھ آور: صدر آصف زرداری کی عوام سے ایک گھنٹہ روشنیاں بند کرنے کی اپیل، موسمیاتی تبدیلی کو بڑا چیلنج قرار دے دیا

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے 'ارتھ آور' کے عالمی موقع پر قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ کرہ ارض کے تحفظ کے لیے آج رات ایک گھنٹے کے لیے غیر ضروری روشنیاں بند رکھیں۔ صدرِ مملکت نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ماحول کے تحفظ اور توانائی کی بچت کے لیے اب انفرادی اور اجتماعی اقدامات وقت کی ضرورت بن چکے ہیں۔
صدر آصف زرداری نے خبردار کیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔ انہوں نے درج ذیل اہم نکات پر تشویش کا اظہار کیا۔حالیہ برسوں میں آنے والے سیلاب، خشک سالی اور گرمی کی شدید لہروں (Heatwaves) نے ملکی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
 بدلتے ہوئے موسمی پیٹرن کے باعث کسان غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں، جس سے غذائی تحفظ کو خطرات لاحق ہیں۔
پاکستان کا عالمی سطح پر زہریلی گیسوں کے اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، لیکن اس کے باوجود ہم بڑے ماحولیاتی خطرات کی زد میں ہیں۔
صدرِ مملکت نے پیرس معاہدے کے اہداف اور صاف توانائی کی جانب منتقلی کے عزم کو دہرایا۔ حکومت جنگلات میں اضافے اور روزگار کی فراہمی کے لیے شجرکاری مہم پر توجہ دے رہی ہے۔ صدر نے "Give an Hour for Earth" کے عنوان کے تحت عوام کو اپنے طرزِ زندگی پر غور کرنے اور ماحول دوست عادات اپنانے کی دعوت دی۔
صدر زرداری نے مزید کہا کہ ایک گھنٹے کے لیے روشنیاں بند کرنا محض ایک علامتی عمل نہیں بلکہ یہ عملی ماحولیاتی اقدامات کی جانب ایک اہم قدم اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کا عہد ہے۔

ٹیگز: