اسلام آباد: پاکستان کی میزبانی میں مشرقِ وسطیٰ کی سنگین صورتحال پر اہم چار فریقی وزرائے خارجہ اجلاس کل سے وفاقی دارالحکومت میں شروع ہو رہا ہے۔ اس اجلاس کو خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے ایک فیصلہ کن سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار دو روزہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔ سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کل اسلام آباد پہنچیں گے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اس وقت عالمی سطح پر ایک بڑے مصالحت کار (Mediator) کے طور پر ابھرا ہے۔ پاکستان نہ صرف اس اہم اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے بلکہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری بالواسطہ مذاکرات میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ ماہرینِ خارجہ امور کا ماننا ہے کہ سعودی عرب، ترکیہ اور مصر جیسے بااثر اسلامی ممالک کا پاکستان میں سر جوڑ کر بیٹھنا مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی وزن کی علامت ہے۔