Wed, September 16, 2026

ارتھ آور 2025 میں زمین کے تحفظ کے لیے عزم کا اعادہ:سپیکر قومی اسمبلی کا پیغام

ارتھ آور 2025 میں زمین کے تحفظ کے لیے عزم کا اعادہ:سپیکر قومی اسمبلی کا پیغام

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ارتھ آور 2025 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی اس عالمی مہم میں حصہ لے کر ماحولیاتی تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ارتھ آور ایک گھنٹے کے لیے بجلی بند کرنے کا نہ صرف علامتی اقدام ہے بلکہ یہ زمین کے تحفظ کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کی علامت ہے، جو تمام سرحدوں اور سیاست سے بالاتر ہے۔

سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کی غیر ضروری روشنیاں 22 مارچ 2025 کو رات 8:30 سے 9:30 تک بند کی جائیں گی تاکہ عوام میں ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ انفرادی اور چھوٹے اقدامات مل کر بڑی تبدیلیوں کا باعث بن سکتے ہیں۔

سپیکر نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے قدرتی وسائل اور ماحول کے حوالے سے خوش قسمت ہے، لیکن موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ہمیں مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ اور خوشحال زمین مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی میں کمی، زہریلی گیسوں کے اخراج پر قابو پانے اور قدرتی وسائل کے دانشمندانہ استعمال کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

ٹیگز: