اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ملک میں چینی کی قیمتوں میں کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شوگر ملز مالکان کو معاہدے کی پاسداری یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔
اسحاق ڈار کی زیر صدارت چینی کی صورتحال پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمیٹیوں کے مابین طے پانے والے معاہدوں پر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چینی کی قیمتوں اور سپلائی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ شوگر ملز مالکان معاہدے کے تحت چینی کی قیمت کو 164 روپے فی کلو یا اس سے کم پر برقرار رکھیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور سپلائی کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
اسحاق ڈار نے چینی کی قیمتوں کو متوازن رکھنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی کی سپلائی اور قیمتوں کی نگرانی جاری رہے گی تاکہ قیمتوں میں استحکام برقرار رہے۔
اجلاس کے دوران چینی کی قیمتوں میں حالیہ کمی کو خوش آئند قرار دیا گیا اور حکومتی پالیسیوں کے مثبت اثرات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔