اسلام آباد: سانحہ سوات پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ریسکیو کا نظام نہ ہونا پی ٹی آئی کی 12 سالہ ناکام حکمرانی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس سانحے پر رنجیدہ ہے لیکن خیبرپختونخوا حکومت کی مجرمانہ غفلت نے قیمتی جانیں ضائع کر دیں۔ "ڈی سی کی معطلی سے کچھ نہیں ہوگا، استعفیٰ وزیراعلیٰ کا بنتا ہے،" عطا تارڑ نے زور دیا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ نہ صرف گورننس کی ناکامی ہے بلکہ سیاسی منافقت کا عکاس بھی ہے۔
انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "علی امین گنڈا پور کا ہیلی کاپٹر کہاں تھا؟ ریسکیو کے بجائے سیاست زیادہ اہم ہو گئی؟"
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور جیل کو کیمپ آفس اور عوام کو ٹینٹ دینے سے انکار کرتے ہیں۔ یہ قیادت نہیں بلکہ مذاق ہے۔