Wed, September 16, 2026

پاکستان معاشی تباہی کے گرداب سے نکل آیا، عالمی دنیا معترف ہے: احسن اقبال

پاکستان معاشی تباہی کے گرداب سے نکل آیا، عالمی دنیا معترف ہے: احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث پاکستان کی معیشت مکمل طور پر مستحکم ہو چکی ہے اور ملک اب دیوالیہ ہونے کے خطرات سے کوسوں دور جا چکا ہے۔
وفاقی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عالمی مالیاتی اداروں کا پاکستانی معیشت پر اعتماد پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا، "ایم ڈی آئی ایم ایف نے خود وزیراعظم کی قیادت میں ہونے والی معاشی پیشرفت کی تعریف کی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا پاکستان کی کامیابیوں کی معترف ہو رہی ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری اب پاکستان کو ایک ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
احسن اقبال نے معاشی استحکام کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ سٹاک مارکیٹ میں روزانہ کی بنیاد پر قائم ہونے والے نئے ریکارڈز اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو چکا ہے۔ حکومت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع فراہم کر رہی ہے اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ریڈ ٹاپ ختم کر کے آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔
اپنے خطاب کے آخر میں وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ     پاکستان کی ترقی کا راستہ برآمدات میں اضافے سے جڑا ہوا ہے۔     تمام معاشی اشاریے اب مثبت سمت اختیار کر چکے ہیں،    ملکی مثبت تشخص کو اجاگر کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے تاکہ ترقی کا سفر جاری رہ سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ معیشت کو مستحکم کرنے کا مشکل مرحلہ طے ہو چکا ہے، اب ہمارا ہدف ملک کو تیز رفتار ترقی کی شاہراہ پر ڈالنا ہے تاکہ عام آدمی تک اس کے ثمرات پہنچ سکیں۔

ٹیگز: