Wed, September 16, 2026

بنگلہ دیش کے وزیراعظم کی حلف برداری، پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر احسن اقبال کریں گے

بنگلہ دیش کے وزیراعظم کی حلف برداری، پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر احسن اقبال کریں گے

ڈھاکہ : بنگلہ دیش کے نو منتخب وزیراعظم طارق رحمان کی حلف برداری کی تقریب 17 فروری کو ہوگی، جس میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر احسن اقبال کریں گے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف بیرون ملک دورے کی وجہ سے اس تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے، تاہم وفاقی وزیر احسن اقبال بنگلہ دیش میں وزیراعظم طارق رحمان کی حلف برداری میں شریک ہوں گے۔ اس دوران وہ بنگلہ دیش کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرامید ہے اور اس سے سیاسی، معاشی اور اقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان ترقی کے روشن امکانات دیکھ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف جلد بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے اور طارق رحمان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیں گے۔

اس تقریب میں شرکت کے لیے چین، سعودی عرب، بھارت، ترکی، یو اے ای، قطر، ملائیشیا، برونائی، سری لنکا، نیپال اور دیگر ممالک کے سربراہان کو مدعو کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن بنگلہ دیش کے مطابق، بی این پی نے 299 نشستوں کے انتخابات میں 209 نشستوں کے ساتھ واضح برتری حاصل کی ہے، جبکہ جماعت اسلامی نے 68 نشستیں حاصل کی ہیں۔ طلبہ کی جماعت این سی پی نے 6 نشستیں جیتیں۔

ٹیگز: