Wed, September 16, 2026

"آبادی کا دباؤ اور نوکریوں کی کمی: مریم نواز نے نوجوانوں کو 'ہنر' کے ہتھیار سے لیس کرنے کا عزم کر لیا

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بڑھتی ہوئی آبادی اور سرکاری ملازمتوں کی محدود گنجائش کے پیشِ نظر نوجوانوں کو فنی مہارتیں سکھانے کو قومی ضرورت قرار دے دیا ہے۔ پرواز کارڈ اور راہِ روزگار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صرف ڈگریاں دینا کافی نہیں بلکہ انہیں معاشی طور پر خود مختار بنانا اصل چیلنج ہے۔
 مریم نواز نے کہا کہ حکومت کو نوجوانوں کے معاملے میں "ماں" جیسا شفیق اور فکر مند رویہ اپنانا ہوگا۔ جس طرح والدین بچوں کے روزگار کے لیے تگ و دو کرتے ہیں، حکومت بھی یوتھ کو اپنا سب سے بڑا اثاثہ اور ہتھیار بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے صاف گوئی سے کام لیتے ہوئے کہا کہ حکومت بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے ہر نوجوان کو سرکاری دفتر میں نوکری نہیں دے سکتی، اس لیے نوجوانوں کو ہنر سیکھ کر نجی شعبے اور فری لانسنگ میں اپنی جگہ بنانی ہوگی۔
انہوں نے نوجوان نسل کو تاکید کی کہ وہ جدید سکلز سیکھنے کے بعد گھروں میں نہ بیٹھیں بلکہ عملی طور پر میدان میں آئیں اور ملک کی معاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔
 تقریب میں واضح کیا گیا کہ 'سکل ڈویلپمنٹ' پنجاب حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو عالمی منڈی کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا ہے۔

ٹیگز: