اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے نئے ارکان سے ملاقات کی، جس میں سیاسی اور معاشی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کی جانب سے نئے کابینہ ارکان کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں مختلف موضوعات پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کابینہ ارکان کا انتخاب ان کی صلاحیتوں اور قابلیت کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور ہم سب اللہ تعالیٰ اور عوام کے سامنے جواب دہ ہیں۔ انہوں نے ایک سال کے دوران مہنگائی میں کمی اور معاشی اعشاریوں میں بہتری کو حکومت کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشی حالات کو مزید بہتر بنانے کے لیے محنت جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو ان کی کارکردگی کے بارے میں مسلسل جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی۔ کابینہ ارکان نے بھی اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کو حالیہ معاشی ترقی پر خراج تحسین پیش کیا اور ملک کی ترقی کے لیے اپنے کردار کو مزید فعال کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔