Wed, September 16, 2026

دنیا بھر سے 24 ہزار سے زائد بھارتی شہری ملک بدر، خلیجی ممالک میں سب سے زیادہ ڈی پورٹیشنز

دنیا بھر سے 24 ہزار سے زائد بھارتی شہری ملک بدر، خلیجی ممالک میں سب سے زیادہ ڈی پورٹیشنز

نئی دہلی:سال 2025 کے دوران مختلف ممالک سے 24 ہزار 600 سے زائد بھارتی شہریوں کو ڈی پورٹ کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق یہ تفصیلات بھارت کی وزارتِ خارجہ نے ایوانِ بالا راجیہ سبھا میں پیش کیں، جنہیں گزشتہ پانچ برسوں میں ڈی پورٹیشنز کی بلند ترین تعداد قرار دیا جا رہا ہے۔

وزارتِ خارجہ کے اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب بھارتی شہریوں کی ڈی پورٹیشن کے حوالے سے سرفہرست رہا۔ صرف ریاض سے 7 ہزار 19 اور جدہ سے 3 ہزار 865 بھارتی شہریوں کو واپس بھیجا گیا، جس کے بعد سعودی عرب سے مجموعی طور پر 10 ہزار 884 ڈی پورٹیشنز ریکارڈ ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق امریکہ نے بھی 2025 کے دوران 3 ہزار 812 بھارتی شہریوں کو ملک بدر کیا، جبکہ متحدہ عرب امارات سے 1 ہزار 469 بھارتی شہری ڈی پورٹ کیے گئے۔ حکام کے مطابق یہ اعداد و شمار امیگریشن قوانین پر بڑھتی ہوئی سختی کی عکاسی کرتے ہیں۔

بھارتی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ڈی پورٹیشنز کی بنیادی وجوہات میں ویزا مدت سے زائد قیام، ورک پرمٹ کے بغیر ملازمت، اور مقامی لیبر قوانین کی خلاف ورزی شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خلیجی ممالک اور مغربی ریاستوں میں غیر قانونی یا غیر رجسٹرڈ ورکرز کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

ماہرین کے مطابق بیرونِ ملک بھارتی شہریوں کی بڑی تعداد کی ڈی پورٹیشن نے حکومت کے لیے ایک نیا چیلنج کھڑا کر دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر بیرونِ ملک کام کرنے والے افراد کو قوانین اور ویزا شرائط سے متعلق مؤثر رہنمائی فراہم نہ کی گئی تو آئندہ برسوں میں بھی اسی طرح کے مسائل سامنے آ سکتے ہیں۔

ٹیگز: