Wed, September 16, 2026

صدر آصف علی زرداری کا ملک گیر شجرکاری مہم کا اعلان، عوام سے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی اپیل

صدر آصف علی زرداری کا ملک گیر شجرکاری مہم کا اعلان، عوام سے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی اپیل

اسلام آباد : صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ملک گیر مون سون شجرکاری مہم 2025 کے آغاز پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے سنگین خطرات لاحق ہیں، اور درختوں کی شجرکاری ہی ایک محفوظ اور سرسبز مستقبل کی ضمانت ہے۔

صدر نے بتایا کہ اس سال اگست سے اکتوبر تک پورے ملک میں 4 کروڑ 10 لاکھ سے زائد درخت لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر شہری کو درخت لگانے کو اپنا قومی فریضہ سمجھنا چاہیے، کیونکہ درخت نہ صرف ماحول کو بہتر بناتے ہیں بلکہ سیلاب، گرمی اور دیگر قدرتی آفات کے خلاف ایک قدرتی ڈھال کا کام بھی کرتے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ جنگلات کی کٹائی، بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور بار بار آنے والے سیلاب ملک کی معیشت اور لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو متاثر کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں ہمیں قدرتی ماحول کا تحفظ کرنا ہوگا تاکہ آنے والی نسلیں ایک محفوظ پاکستان میں سانس لے سکیں۔

صدر زرداری نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس مہم کی قیادت کریں اور “تبدیلی کے سفیر” بن کر اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کسانوں کو بھی درخت لگانے کی ترغیب دی تاکہ وہ اپنی زمین اور فصلوں کو موسمی اثرات سے محفوظ رکھ سکیں۔

اپنے پیغام میں انہوں نے میڈیا، علما، سماجی رہنماؤں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ عوام میں شجرکاری کی اہمیت اجاگر کریں اور ہر فرد کو اس قومی مہم میں شریک کریں۔

صدر کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب نے جو تباہی مچائی ہے، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمیں اب مزید وقت ضائع کیے بغیر بڑے پیمانے پر درخت لگانے کی جانب بڑھنا ہوگا۔

ٹیگز: