لاہور : لاہور کے کینال روڈ پر باراتیوں کی ویگن ایک خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق، ویگن کا ڈرائیور تیز رفتاری کے باعث قابو نہ رکھ سکا اور ویگن نہر میں جا گری۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ایک شخص کی موت ہوگئی، جس کی شناخت 55 سالہ حنیف کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں ایک بچی، ایک خاتون اور ایک مرد شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ تین زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں آئی سی یو میں داخل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق، زخمیوں کو ڈاکٹرز ہسپتال اور جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ جاں بحق ہونے والے شخص کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ بھیج دی گئی ہے۔ حکام نے حادثے کی وجوہات کا جائزہ لینے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔