کراچی :کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں اچانک لگنے والی شدید آتشزدگی کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کو 10 گھنٹے سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود آگ پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا، تاہم فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ پلازہ کے میزنائن فلور پر لگی جو تیزی سے دیگر حصوں میں پھیل گئی۔ گراؤنڈ فلور پر موجود تمام دکانیں مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئیں، جبکہ گل پلازہ میں ایک ہزار سے زائد دکانیں قائم ہیں۔ شدید دھویں کے باعث بڑی تعداد میں افراد بے ہوش ہو گئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
جاں بحق افراد کی شناخت عامر، آصف، فراز اور کاشف کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ ایک جاں بحق شخص کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ ریسکیو آپریشن کے دوران سیڑھیاں ٹوٹنے سے دو افراد گر کر زخمی ہو گئے۔
فائر بریگیڈ حکام نے آتشزدگی کو تیسرے درجے کی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ آگ کے باعث عمارت کے مختلف حصوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں جس سے عمارت کے منہدم ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق پلازہ میں اب بھی کئی افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔
آگ بجھانے کے لیے 20 فائر ٹینڈرز، 4 اسنارکل اور ایک واٹر باؤزر کے ذریعے کارروائی جاری ہے۔ پاکستان نیوی کی فائر بریگیڈ ٹیمیں اور سندھ رینجرز بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
واقعے کے بعد ایم اے جناح روڈ کو سینٹرل پلازہ تک عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ ریسکیو اور کولنگ کا عمل تاحال جاری ہے۔